پشاور(نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی کابینہ کے فیصلہ کی روشنی میں 9مئی کے واقعات کی انکوائری کیلئے پشاور ہائی کورٹ کو خط ارسال کرتے ہوئے چیف جسٹس سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی استدعا کی ہے، چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن کےلئے ناموں کا اعلان کرینگے جسکے سربراہ ہائی کورٹ کے جج ہونگے۔اس سلسلے میں خیبر پختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے9مئی کے واقعات کی تحقیقات کیلئےپشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کو خط لکھا ہے ، خط صوبائی محکمہ اسٹیبلشمنٹ اور ایڈمنسٹریشن کی جانب سے ارسال کیا گیا ہے ، صوبائی وزیر قانون کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اب کمیشن کیلئے ناموں کا اعلان کرینگے، جوڈیشل کمیشن کے سربراہ پشاور ہائیکورٹ کے جج ہونگے، خط میں 9مئی کے واقعات سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے قیام کی استدعا کی گئی ہے۔