• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام اداروں کے سربراہان، ذمہ داران روز حلف کی خلاف ورزی کرتے ہیں، شاہد خاقان

پیرس( رضا چوہدری) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تمام اداروں کے سربراہان،ذمہ داران روزحلف کی خلاف ورزی کرتے ہیں، مسلسل تین بار شفاف انتخابات کرائے جائیں، عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے تو ملک صحیح سمت پر جا سکتا ہے۔وہ پیرس کے نواحی علاقے سارسل میں پاکستان بزنس فورم فرانس کے سرپرست ابراہیم ڈار کی دعوتی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوںنے کہاکہ تمام اداروں کے سربراہان اورذمہ دار ہر روز اپنے حلف کو توڑتے ہیں ،ہماری بدقسمتی ہے کہ ملک میں ایک بھی غیرمتنازع انتخاب نہ ہوسکا،ایک کو ہرایا،دوسرے کو جتوایاگیا،کسی کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیااور اقلیت کو اکثریت بنادیا۔ایسی صورتحال میں ملک کیسے آگے بڑھے گا۔انہوںنے کہاکہ عوام ایک پارٹی کو مینڈیٹ دیتے ہیں اورحکومت دوسرے لوگ بنالیتے ہیں،میں نے 35 سال مسلم لیگ ن میں گزارے، ڈیڑھ برس وزیراعظم اور ساڑھے 4سال وزیررہا، میںنے دیکھا تمام ادارے آئینی حدود سے تجاوز کرتے ہیں ،32 سال فوج نے براہ راست ملک پر حکومت کی ہے اور باقی وقت میں بھی اس کی عملداری رہی اور اب بھی ہے،یہی حال عدلیہ کاہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں آئین کی پاسداری کی جائے، مسلسل تین بار شفاف انتخابات کرائے جائیں، عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے تو ملک صحیح سمت پر جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملکی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ نیب ہے، جس کے باعث کوئی بھی کام کرنے کو تیار نہیں ،آج تک نیب کسی سیاست دان کو کرپٹ ثابت نہیں کرسکا،ہروزارت کانگران وزیرہوتاہے جب کہ انچارج سیکرٹری ہوتاہے جب بھی کسی سیکرٹری کو پکڑاجاتاہے وہ کہتاہے کہ اس نے وزیرکے کہنے پر یہ کام ہے ۔

یورپ سے سے مزید