لندن، لوٹن ( شہزاد علی)برطانوی وزیراعظم سرکیئر سٹارمر نے اسرائیلی صدر اسحٰق ہرزوگ سے پیر س میں ملاقات کی اورغزہ میں5اسرائیلی مغویوں کی ہلاکت پر تعزیت کااظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ جمہوری ریاست اسرائیل اور دہشت گرد تنظیم حماس کے درمیان کوئی اخلاقی برابری نہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے اسرائیل اور برطانیہ کے درمیان تاریخی دوستی کو برقرار رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیراعظم سر کیئر سٹارمر نے پیرس میں اسرائیلی صدر اسحٰق ہرزوگ سے ملاقات کی ہے ۔دونوں رہنمائوں نے اسرائیل اور برطانیہ کے درمیان تاریخی دوستی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ برطانوی وزیر اعظم نے 7 اکتوبر کو اغوا کیے گئے پانچ مغویوں کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا، جن کی لاشیں حال ہی میں غزہ سے برآمد ہوئی ہیں۔ وزیر اعظم نے بین الاقوامی قانون کے مطابق اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کے لیے اپنی جاری حمایت کا اعادہ کیا۔انہوںنے واضح کیاکہ ایک جمہوری ریاست اسرائیل کے اقدامات اور ایک دہشت گرد تنظیم حماس کی کارروائیوں کے درمیان کوئی اخلاقی برابری نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جنگ بندی کے لیے فوری اقدامات ہونے چاہئیں تاکہ یرغمالیوں کو رہا کیا جا سکے اور اشد ضرورت والوں کے لیے مزید انسانی امداد پہنچ سکے۔برطانوی وزیراعظم اور اسرائیلی صدر نے اہم شعبوں میں قریبی شراکت داری جاری رکھنے کا عزم بھی کیا۔