اسلام آباد (نمائندہ جنگ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے دولت مشترکہ کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دولت مشترکہ کا بانی رکن ہونے کے ناطے تنظیم کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ سے گفتگو کررہے تھے جن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، پارلیمانی تبادلوں، قدرتی آفات کے شعبوں میں مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی اداروں خاص طور پر نوجوان پارلیمنٹرینز اور طلبہ کے مابین روابط بڑھانا ہوں گے۔