لوٹن ( نمائندہ جنگ) کوآرڈینیٹر کشمیر سالیڈیرٹی کمپین لوٹن حاجی چوہدری محمد قربان نے 5اگست یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے کہا ہے کہ اس دن کا مقصد بھارت کی نریندر مودی سرکار کی جانب سے جموں و کشمیر پر قبضے کیلئے اس کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وادی میں آرٹیکل370کے غیر قانونی اقدام کی مذمت کرنا ہے۔ اس سلسلے میں لندن سمیت ملک بھر میں دنیا بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔دریں اثنا حاجی چوہدری محمد قربان نے غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا، حاجی چوہدری محمد قربان نے غازی ملت کی برسی کے حوالے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ بانی صدر آزادکشمیر سردار محمدابراہیم خان بلاشبہ جرات مند محب وطن رہنما تھے جنہوں نے ڈوگرہ راج کے بدترین عہد میں قرارداد الحاق پاکستان کی منظوری میں اہم کردار ادا کیااور تحریک آزادی کشمیر کے مختلف مراحل میں قوم کی رہنمائی کی۔ ان کی زندگی نوجوان کشمیری نسل کیلئے مشعل راہ ہے۔