راولپنڈی(نمائندہ جنگ) حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور مکمل ہوگیا ہے۔جس میں معاملات پر مثبت پیشرفت کا بتایا گیا ہے۔مزید بات چیت جمعرات (آج) کو بھی ہوگی۔ حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طارق فضل چوہدری جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے لیاقت بلوچ ،ماہر توانائی فراست شاہ، امیر العظیم اور نصراللہ رندھاوا نے بات چیت میں حصہ لیا۔ مذاکرات کے بعد عطا تارڑ نے کہا کہ مذاکرات میں جماعت اسلامی سے مثبت بات چیت ہوئی، بہت سارے معاملات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ جمعرات کو مزید ایک دور مذاکرات کا ہوگا۔جماعت اسلامی کے سیالکوٹ میں گرفتار کارکنوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا راولپنڈی مری روڈ پر جاری پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے خبردار کیا ہے کہ حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو بل نہ بھرو تحریک شروع کی جائے گی،معاشی صورتحال بہت خطرناک ہے حکومت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔وہی مطالبات کیےجو حکومت کے بس میں ہیں ، انہوں نے کہا کہ غریبوں کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینا چاہیے تھا لیکن حکومت نے تمام بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا ہے۔