• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف مرچنٹ نے تین پاسپورٹس پر متعدد مرتبہ ایران کا سفر کیا

کراچی (افضل ندیم ڈوگر ) امریکا میں گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کے حوالے سے پاکستانی اداروں نے ابتدائی اہم تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔ دستیاب تفصیلات میں آصف مرچنٹ کی رہائش، زیر استعمال گاڑیوں، بنک اکاونٹس، ملازمتوں اور سفری ریکارڈ شامل ہے۔آصف مرچنٹ کے کراچی گلشن اقبال اور ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں دو گھر ہیں۔ آصف مرچنٹ کے زیر استعمال 4پاکستان موبائل نمبروں اور ایک انٹرنیشنل نمبر کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئیں۔ کراچی میں آصف مرچنٹ کے زیر استعمال 3گاڑیوں اور ایک موٹر سائیکل کا ریکارڈ بھی مل گیا۔ اس سلسلے میں مزید چھان بین جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق آصف مرچنٹ نے تین پاسپورٹس پر 2 نومبر 2017سے 8اپریل 2024تک متعدد مرتبہ ایران کا سفر کیا۔ آصف رضا مرچنٹ دو نومبر 2017 سے 14نومبر 2017تک ایران میں رہا، ذرائع نے بتایا کہ ملزم نے 17ستمبر 2023سے 15اکتوبر 2023 کا عرصہ بھی آصف مرچنٹ نے ایران میں گذارا۔ اکتوبر 2023میں ایران سے واپسی کے بعد 21نومبر کو آصف مرچنٹ نے امریکہ کا سفر کیا۔ ذرائع کے مطابق آصف مرچنٹ 17دسمبر 2023کو امریکہ سے واپس پاکستان پہنچا۔ رواں سال 15جنوری کو آصف مرچنٹ نے کراچی ائیر پورٹ سے ایک بار پھر ایران کا سفر کیا۔ ریکارڈ کے مطابق ایران کے اس سفر سے آصف مرچنٹ کی واپسی 12فروری 2024کو ہوئی۔ ایک امیگریشن افسر نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس سلسلے میں حساس ادارے تحقیقات کر رہے ہی۔ تحقیقاتی افسران نے ملک بھر کے ایئرپورٹس سے امیگریشن ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید