کوئٹہ ( پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما وصوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ 14 اگست ہماری آزادی کا دن ہے اور ہم یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائیں گے۔ جو قومیں آزادی کی قدر نہیں کرتیں وہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتی ہیں، کئی دہائیوں سے اقتدار میں رہنے والے نام نہاد خیر خواہوں نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کی بجائے اپنی ذاتی ترقی و خوشحالی پر توجہ دی جس کی وجہ سے بلوچستان ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ۔جشن آزادی کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی یکجہتی اور پاکستان کی بات کی ، صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کا عزم ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا مگر آج بھی بلوچستان میں ایسے عناصر موجود ہیں جو آزادی جیسی نعمت کی قدر نہیں کرتے اور پاکستان کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں مگر تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے آزادی کی قدر نہیں کی وہ پیچھے رہ گئیں۔ ہمیں آزاد ی کی قدر کرنی چاہئے۔