• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی علاقے پاکستان کا خوبصورت چہرہ، سیاحت کے فروغ میں تعاون کرینگے، غیر ملکی سفراء

اسلام آباد (جنگ نیوز) پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفراء نے شمالی علاقہ جات کو پاکستان کا خوبصورت چہرہ قرار دیتے ہوئے آئی سی سی آئی کے زیر اہتمام سکردو میں منعقدہ ٹورازم سمٹ کو بھرپور انداز میں سراہا۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سفارت کاوں نے کہاکہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان کی سیاحتی صلاحیت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ سکردو کانفرنس نے اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھے ہونے‘ خیالات کا تبادلہ کرنے اور پاکستان کی سیاحت کی صنعت کو ترقی دینے کے مواقع تلاش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کیا۔ کانفرنس سرمایہ کاری میں اضافہ، انفرا سٹرکچر کی ترقی اور پالیسی اصلاحات کیلئے معاون ثابت ہو گی۔ کانفرنس میں یورپی یونین، ملائشیا، مصر، لیبیا، آذر بائیجان، قازقستان، پرتگال اور ترکئے کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔ یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا کہ گلگت بلتستان خوبصورت ترین علاقہ ہے، سیاحت کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج بڑھانے کی بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے بہت سے منصوبے شروع کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ملائیشیاء کے ہائی کمشنر مظہر بن مذلان نے کہا کہ ان علاقوں میں سیاحت کو فروغ دینے سے پاکستان کی معیشت کو فروغ مل سکتا ہے۔ پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب عبدالحمید حسن نے بین الاقوامی توجہ اور سیاحوں کو خطے کی طرف راغب کرنے میں مدد کیلئے آئی سی سی آئی کی سیاحت کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔ آذر بائیجان کے سفیر خضر فرہادوف‘ قازقستان کے سفیر یرزن کرسٹافن‘ میانمار کے سفیر وونا ہان‘ یمن کے سفیر محمد مطاہر الاشعبی‘ لیبیا کے ناظم الامور محمد بن جامہ‘ پرتگال کے سفارتکار نے بھی کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔ صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام سفیر کانفرنس کی کامیابیوں کو اجاگر کریں گے اور سیاحت کے فروغ کیلئے کردار ادا کرینگے۔ 
اسلام آباد سے مزید