ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کافی کے زیادہ استعمال سے دل کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیکل طالبہ نینسی کاگاتھارا کی قیادت میں کیے گئے مطالعے میں یہ پتہ چلا کہ اگر کوئی شخص روزانہ 400 ملی گرام یا اس سے زیادہ کیفین کا استعمال کرتا ہے تو اسے دل کی بیماری کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
مطالعے کے مطابق کیفین کے مسلسل استعمال سے خون کی شریانوں اور دل کی دھڑکن پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جس سے ہائپرٹینشن (بلند فشار خون) اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
اس تحقیق کےلیے 18 سے 45 سال کے 100 صحت مند افراد کو سروے میں شامل کیا گیا، جن کا کیفین کا روزانہ استعمال اور صحت کے دیگر عوامل جانچے گئے۔
نتائج کے مطابق روزانہ 600 ملی گرام یا اس سے زیادہ کیفین استعمال کرنے والے افراد میں دل کی دھڑکن اور خون کا دباؤ زیادہ تھا۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ صحت مند بالغ افراد کو روزانہ 400 ملی گرام سے زیادہ کیفین استعمال نہیں کرنی چاہیے۔
یہ تحقیق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہونے والی امریکن کالج آف کارڈیالوجی ایشیا 2024 کانفرنس میں پیش کی جائے گی۔