کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی کے تاجروں نے 28اگست کو مہنگائی کے خلاف ہونے والی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاجروں کی جدوجہد کا دن ہوگا اور تاجر دوست اسکیم کو جبری طور پر ناکام بنایا جائے گا،اس شٹر ڈان ہڑتال کو کامیاب بنایا جائے گاکراچی میں الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے دفتر میں تاجروں کا مشاورتی اجلاس ہوا جہاں آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے ہمیں ایک چھتری کے نیچے آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ تاجر بھی مہنگی بجلی کے عتاب کا شکار ہیں، تاجر دوست اسکیم یک طرفہ اور جبری طور پر نافذ کی جا رہی ہے، بجلی کے بلوں کی مد میں بھی تعصب برتا جا رہا ہے۔عتیق میر نے کہا کہ مئی 2024 کے بعد تاجروں کا کاروبار سکڑ گیا ہے، 28 اگست کی ہڑتال تاجروں کی جدوجہد کا دن ہوگا، اس شٹر ڈان ہڑتال کو کامیاب بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کو باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ڈٹنا ہے، تاجر باہمی یکجہتی کے ساتھ خود ایک آواز اور خود ایک طوفان ہیں، بڑھتی ہوئی مایوسی کے باعث ملک سے 1947کے بعد سے بڑی ہجرت ہو رہی ہے۔رضوان عرفان نے اجلاس میں کہا کہ تنظیم تاجران اور انجمن تاجران کی کال پر 28اگست کو کراچی میں مکمل ہڑتال ہوگی، تاجر دشمن اسکیم کے نوٹسز کا اجرا بھی شروع کر دیا گیا ہے۔شرجیل گوپلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھاری مالیت کے ٹیکسز کے نفاذ پر عالمی بزنس کے فورمز مقامی تاجروں سے سوالات کر رہے ہیں۔