لاہور‘کوئٹہ‘سکھر(ایجنسیاں)مون سون کی بارشوں سے ملک بھرمیں تباہی‘مختلف حادثات میں 16افراد جاں بحق‘سکھر میں ریکارڈ 300ملی میٹر بارش ‘شہر پانی پانی ‘انتظامیہ پانی کی نکاسی میں ناکام ہوگئی‘جنوبی پنجاب میں سیلاب کا خطرہ ‘کئی اضلاع کے نشیبی علاقے زیر آب ‘لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں زیر آب ‘ندی نالے بپھر گئے ‘کوہلو سبی شاہراہ سیلابی ریلے میں بہہ گئی‘ مسافر ٹرینوں کی آمدورفت بند مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ‘ بلوچستان کا ملک کے کئی علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ دو روز میں ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لاہور، فیصل آباد، ملتان، حیدر آباد، لاڑکانہ اورسکھرمیں تیز بارش سے جل تھل ایک ہوگیا جبکہ لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بلاک ہوگئیں۔ کوہِ سلیمان کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے ندی نالے بپھر گئے۔بلوچستان کے علاقوں توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، قلعہ عبداللہ، پشین اور زیارت میں سیلابی ریلوں سے فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ دیواریں اور سولر پینلز گرنے سے 10افراد زخمی ہوئے۔چمن میں ریلوے ٹریک ریلے میں بہہ گیا ۔