• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر برطانیہ پہنچ گئے

لندن / وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر راجہ فاروق حیدر خان برطانیہ پہنچ گئے۔ لندن کے ہیتھرو ائر پورٹ پہنچنے پر مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ زبیر اقبال کیانی، راجہ شفیق پلالوی، انوار ملک، راجہ خالد، امجد فاروق، راجہ اسحاق، امجد امین بوبی، راجہ اعجاز، راجہ ساجد، راجہ ریاست، راجہ حمزہ و دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کشمیر کی صورتحال پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل حق خودارادیت میں ہے۔ بھارت اور پاکستان کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کے پابند ہیں، کشمیری عوام کا بنیادی مطالبہ حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کشمیر ی عوام اور کشمیر ی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں استصواب رائے کے مطابق متحد ہو جائیں۔ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد جعلی انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ان نام نہاد انتخابات سے مسئلہ کشمیر پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ راجہ فاروق حیدر خان نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں مہاراجہ ہری سنگھ کی جانشین حکومت کو بااختیار حکومت تسلیم کرے تاکہ عالمی فورم پر کشمیری عوام اپنا مقدمہ خود پیش کر سکیں۔ اگر حکومت پاکستان5 اگست کے بعد آزاد کشمیر کی حکومت کو کشمیری عوام کی نمائندہ حکومت تسلیم کرلیتی تو خطے کی صورتحال مختلف ہوتی۔ انہوں نے کہا اب بھی وقت ہے کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بڑا قدم اٹھانے کیلئے اقدامات کرے کشمیری عوام پاکستان کی کشمیر پالیسی سے مطمئن نہیں ہیں۔ وہ اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کشمیر ایک متنازع ریاست ہے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما راجہ شفیق پلالوی کی رہائشگاہ جا کر ان سے ان کی والدہ محترمہ کی وفات پر تعزیت کی۔ سابق وزیراعظم آزادکشمیر کو لیگی رہنماؤں نے استقبالیہ بھی دیا۔
یورپ سے سے مزید