کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کراچی والوں پر ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا ہے، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے سیوریج اور پانی کے نرخوں میں مجموعی طور پر23فی ضد اضافہ کر دیا بورڈ کا پانچواں اجلاس میئر کراچی و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت چیئرمین سیکرٹریٹ کارساز میں ہوا جس میں ذرائع کے مطابق سیوریج بلوں میں 14فی صد اور پانی کیلئے نرخوں میں 9فی صد اضافہ کیا گیا تاہم عوامی ردعمل سے بچنے کے لئے واٹر بورڈ نرخوںمیں اضافے کو خفیہ رکھا ، اجلاس میں سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد، ڈاکٹر سروش ایچ لودھی عبدالکبیر قاضی سمیت دیگر ممبران شریک ہوئے، اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا، بورڈ کے اجلاس میں چوتھی بورڈ میٹنگ کے منٹس کی منظوری، بورڈ کے سابقہ فیصلے کی پیشرفت، مالی سال 2024-2025 کیلئے واٹر کارپوریشن کے 46.259 بلین روپے سالانہ بجٹ کی منظوری، ریٹیل اور بلک صارفین کیلئے واٹر اور سیوریج چارجز کی تجویز کردہ شرح کی منظوری، واٹر کارپوریشن ریگیولیشنز 2024 میں زیر زمین نکالنے سمیت اسکے استعمال اور انتظام میں ترمیم کی منظوری، 65 ایم جی ڈی اضافی واٹر سپلائی کے تحت ہائی پوائنٹ فور بے فیز ون کو ختم کرنے کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل، پاکستان اسٹیٹ آئل سے تین سال کی مدت کیلئے فیول سروس کی فراہمی اور کے فور منصوبے کے قریب مخصوص یونٹ کیلئے لیز کے معاہدے کی منظوری، واٹر کارپوریشن کے ایکٹ 2023 کے مطابق پوسٹوں کی تخلیق اور کنسلٹنٹس کی تقرری سمیت مختلف عہدوں کے ناموں کی تبدیلی کی منظوری اور ڈی پی سی کے تحت واٹر کارپوریشن کے گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں ترقیوں کی منظوری دی گئی، ترقی پانے والوں میں سید افتخار علی شاہ، انتخاب احمد راجپوت، محمد اکرم بلوچ، جمیل انصاری اور سیف الدین اعوان شامل ہے اجلاس کے دوران اراکینِ بورڈ نے واٹر کارپوریشن کو ایکٹ میں دیے گئے بورڈ کے افعال اور اختیارات کے مطابق پوری تندہی اور جوش کے ساتھ تشکیل شدہ کارپوریشن انتظامیہ کی نگرانی سمیت کراچی کی عوام کو موثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے واٹر کارپوریشن کی آمدنی مزید بڑھانے پر زور دیا اور پانی کی دستیابی کو بڑھانے اور سیوریج کے نظام کو مزید بہتر بنانے سمیت کارپوریشن کی آمدنی میں اضافے پر بورڈ ممبران نے واٹر کارپوریشن کی نئی انتظامیہ کی کوششوں اور کاوشوں کو سراہا۔