• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے عمران اور اہلیہ کیخلاف نیا توشہ خانہ ریفرنس دائر کر دیا ،انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 12 مقدمات سےبشریٰ بی بی کا نام خارج کردیا

اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں) قومی احتساب بیورو نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس اسلام آبادکی احتساب عدالت میں دائر کر دیا، ریفرنس کے مطابق بشریٰ بی بی کو 2021 کے دوران دورہ سعودی عرب کے موقع پر بلغاری جیولری سیٹ دیا گیا،سیٹ کم قیمت لگوا کر خزانے کو 3 کروڑ 28 لاکھ 51 ہزار روپے کا نقصان پہنچایا،دو والیمز پر مشتمل اس ریفرنس میں پروٹوکول آفیسر وزیراعظم ہاؤس طلعت محمود، ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ہیڈ کوارٹر قیصر محمود سمیت 22استغاثہ گواہ شامل ہیں، سیکشن آفیسر توشہ خانہ کیبنٹ ڈویژن بنیامین کا نام سر فہرست ہے، جبکہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سانحہ 9 مئی کے 12 مقدمات سے ڈسچارج کردیا۔ منگل کو نیب کے تفتیشی افسر محسن ہارون اور کیس آفیسر وقار الحسن نے توشہ خانہ ٹو ریفرنس احتساب عدالت اسلام آبادکے رجسٹرار آفس میں جمع کرایا۔ رجسٹرار آفس چھان بین کے بعد ریفرنس کو ایڈمنسٹریٹیو جج ناصر جاوید رانا کو بھجوائے گا جو ریفرنس سماعت کیلئے عدالت کو بھیجنے کی منظوری دینگے۔ چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد بھجوائے جانے والے دو والیم پر مشتمل اس ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ملزم بنایا گیا ہے جبکہ ریفرنس کیساتھ استغاثہ کے 22 گواہان کی فہرست بھی دی گئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید