• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ، ایجنسیاں ) وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ آئین قومی وحدت کا نشان ہے،نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں‘ اگر نوجوان نسل کی تعمیر کیلئے ترقیاتی فنڈز سے تمام وسائل نکال کر نوجوانوں کے قدموں پرنچھاور کردوں تو بے جا نہ ہوگا،جس شخص نے پاکستان کو تقسیم کیا اور کہا کہ دو قومی نظریہ ختم ہوچکا تو آج دیکھیں اس کے مجسمے تک توڑدیئے گئے ، اس سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے، میں پاکستان کا خادم ہوں، میں اور فوج کے سپہ سالار یک جان دو قالب ہوکر خدمت کر رہے ہیں، پاکستان کو تقسیم نہیں ، اتفاق اور اتحاد کی ضرورت، وقت کا تقاضا ہے ملکی ترقی کیلئے سب اپنا کردار ادا کریں ۔

 بدھ کو قومی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ آج پاکستان کو تقسیم نہیں بلکہ اتفاق اور اتحاد کی ضرورت ہے، ہم اگر نیک نیتی سے پاکستان کی حالت بدلنے کا عزم کر لیں تو پاکستان اقوام عالم میں عزت اور وقار کے ساتھ سر اٹھا کر چل سکتا ہے.

 آج کے معروضی حالات کا تقاضا ہے کہ سیاستدان مل کر اس ملک کی خدمت کریں اور آئینی اداروں کے ساتھ ان کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے مل کر کام کریں گے تو تاریخ ہمیشہ ہمیں یاد رکھے گی وگرنہ آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی، ہم تمام مشکلات کے باوجود ایٹمی طاقت بنے، قیامت تک دشمن میلی آنکھ سے ہمیں دیکھ نہیں سکتا۔ 

پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، نوجوانوں کو ترقی کیلئے تمام وسائل مہیا کرینگے، جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے ہی نوجوان ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار ہونگے، بجلی، محصولات اور برآمدات سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کوشاں ہیں‘وقت کا تقاضا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے سب اپنا کردار ادا کریں‘ ہم نے ہر صورت دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ چند دن قبل یوم آزادی انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا اور ان خوشیوں میں 40سال بعد پاکستان نے گولڈ میڈل حاصل کرکے ان خوشیوں کو دوبالا کیا، ارشد ندیم نے ہمت نہیں ہاری.

 انہوں نے دن رات محنت کی اور پاکستان کو گولڈ میڈل جتوا کر یہ ثابت کیا کہ حالات کتنے مشکل اور چیلنجز درپیش ہوں اگر قومیں یہ فیصلہ کر لیں ہم نے مشکلات کا مقابلہ کرنا ہے اور ہم نے ہار نہیں ماننی تو یقین مانیں جس طرح قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا، نہ صرف ماضی کی کوتاہیاں دور ہو جائیں گی بلکہ پاکستان اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرلے گا۔ہمیں یکسوئی، اتفاق اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔

اہم خبریں سے مزید