کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوامیپ کے صوبائی سینئر نائب صدروضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، ضلع سینئر معاونین سعید خان کاکڑ، جمشید خان دوتانی، ولی بریالی ، نصیر احمد کاکڑ، مالیات سیکرٹری ڈاکٹر تواب اچکزئی ، اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ، آفس سیکرٹری نصیب اللہ نیازی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اخباری بیانات اور سوشل میڈیا کے مطابق ملک کے مختلف صوبوں وشہروں سے ایران جانیوالے زائرین کے تین افراد منکی پاکس کا شکار ہوئے ہیں جنہیں قرنطینہ کردیا گیا ہے اور اس طرح کوئٹہ شہر میں منکی پاکس کے پھیلاؤ کا خطرہ اب بھی موجودہے ، حکومت بالخصوص محکمہ صحت اس وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اور بنیادی اقدامات اٹھائے ۔ بیان میں کہا گیا کہ اس سے قبل ضلع چمن میں ہیضے کی وباء پر قابو نہیں پایا جاسکا جس کے باعث سینکڑوں لوگ آج بھی متاثر ہیں اگر یہ وائرس یہاں پھیل گیا تو خدانخواستہ بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہونگے۔ بیان میں کہا گیا کہ کوئٹہ جس کی آبادی اس وقت 30لاکھ سے زائد ہے اور ہسپتالوں میں صوبے سے مریضوں اور شہریوں کا آنا ہوتا ہے ،خوف وہراس پھیلانے کی بجائے محکمہ صحت منکی پاکس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اور بنیادی اقدامات اٹھاے تاکہ ہسپتالوں ، تعلیمی اداروں ، بازاروں سمیت ہرآبادی والے مقام پر اس وائر س سے عوام کے بچاؤ کو یقینی بنایا جاسکے۔