آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال: ہم ایک گوگل ویب سائٹ پر ڈالر کمانے کے لیے کام کرتے ہیں، اس ویب سائٹ کا نامBKB-1 ہے، اس کے متعلق تفصیل مندرجہ ذیل ہے:
1۔ اس میں ہم تجارت کی غرض سے ڈالر جمع کرتے ہیں۔
2۔ جو ڈالر ہم نے اس میں جمع کیے ہیں، وہ ہمارے اختیار میں ہوتےہیں ، اگر ہم چاہیں آج نکالنا تو نکال سکتے ہیں، نکالنےکی صورت میں صرف 1/2 روپے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔
3۔ ویب سائٹ پیسوں کے موافق منافع دیتی ہے ،مثال کے طور پر (میں نے 100 ڈالر جمع کیے ،تو مجھے دن میں کبھی 2 ڈالر دیتی ہے، اور کبھی 2.5 ڈالر دیتی ہے ،اور کبھی مجھے 3 ڈالر دیتی ہے۔
4۔ منافع کبھی کم اور کبھی زیادہ ہوتا ہے، یہ مارکیٹ کے ریٹ کے اعتبار سے ہوتا ہے، اصل میں یہ کمپنی کرنسی ایکسچینج کا کام کرتی ہے۔
5۔ اس کمپنی کے کام کا طریقہ کاریہ ہوتاہےکہ یہ ایک بینک سے کرنسی کم قیمت پرخریدتی ہے ، پھر وہی کرنسی دوسرے بینک پر زیادہ قیمت کےساتھ بیچتی ہے، اور یہ کمپنی مختلف عالمی بینکوں مثلاً (BAINANCE).(OKX).(BYBIT)کے ساتھ تجارت کرتی ہے۔
6۔اس کمپنی میں یہ شرائط بھی نہیں ہیں کہ اگر آپ نے لوگوں کو انوائٹ کیا، تب آپ کو فائدہ ملے گا ورنہ نہیں ملے گا ،ہاں اگر کسی نے دوستوں کو انوائٹ کیا تو ان کو اپنے دوستوں سے منافع ملتا ہے، لیکن انوائٹ کرنا شرط نہیں ہے۔
7۔ اگر ہم نے ویب سائٹ پر کام نہیں کیا تو ہمیں کچھ فائدہ نہیں ملے گا، فائدہ ہمیں تب ملے گا جب ہم کام کریں، ورنہ کمپنی ہمیں کچھ نہیں دیتی۔
8۔ یہ کمپنی زلزلہ یا سیلاب یا آفاتِ سماویہ پیش آنے کی صورت میں متاثرین کی مدد بھی کرتی ہے۔
مذکورہ کمپنی میں کام کرنے کی تفصیل یہ ہے کہ اس ویب سائٹ میں ایک آپشن(سگنل سٹارٹ کنٹفیکیشن )ہے،ہم اس پر چھ (6)مرتبہ کلک کرتے ہیں، جب ہم اس پر ایک مرتبہ کلک کریں تو اس پر مارکیٹنگ شروع ہوجاتی ہے، کم ازکم ایک مرتبہ کلک کرنے پر 1منٹ کا وقت لگ جاتا ہے، اور جو کرنسی فائدہ مند ہو تو کمپنی وہی کرنسی ہمارے لیے خریدتی ہے، اور آگے فروخت بھی کردیتی ہے، اور کرنسی ہمیں کام کرنے کی جگہ پر نظر نہیں آتی، جب ہم کام مکمل کرلیتے ہیں، تو کام کرنے کا جو ریکارڈ ہوتا ہے، وہاں پر سب کچھ ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی نے آپ کے لیے یہ خریدی ہے اور پھر سیل کردی ہے، اور آپ کو اتنا منافع دیا ہے، اصل میں کمپنی ہمیں صرف کلک کرنے کو کہتی ہے اور آگے کمپنی ہماری آسانی کے لیے خودسیل کرتی ہے۔آپ سے درخواست ہے کہ ہمیں اس ویب سائٹ کے بارے میں آگاہ کریں، آیا اس کمپنی کے ساتھ تجارت کرنا جائز ہے یا نہیں؟
جواب: واضح رہے کہ آج کل مختلف سائٹس پر ٹریڈنگ (تجارت)کے لیے اکاؤنٹ میں پیسے جمع کر کے اسے آن لائن کرنسی یا الیکٹرانک منی میں تبدیل کر کے اس کی خرید و فروخت کی جاتی ہے، اور کرنسی کی خرید و فروخت کا طریقہ کار بھی قرعہ اندازی جیسا ہوتا ہے، نیز کرنسی، سونا اور چاندی کی آن لائن خرید و فروخت شرعاً درست نہیں ہے، کیوں کہ ان اشیاء کی بیع درست ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ہاتھ در ہاتھ ہو اور مجلسِ عقد میں جانبین سے عوضین پر قبضہ پایا جائے، اسی طرح اگر کرنسی ایک ہی ہو تو اس کے تبادلے اور خرید و فروخت کی صورت میں کمی بیشی کرنا شرعاً درست نہیں ہے، اسی طرح جس سائٹ پر اس کی پبلسٹی(تشہیر) کے لیے دوسرے لوگوں کو بھی انوائٹ(دعوت و پیشکش )کی جاتی ہے جس میں پہلے اکاؤنٹ بنانے والے کوہر نئے اکاؤنٹ بنانے والے پر کمیشن ملتا رہتا ہے، جب کہ اس نے اس نئے اکاؤنٹ بنوانے میں کوئی عمل نہیں کیا، اس سے بغیر کسی کام کے کمیشن لینے کا معاہدہ کرنا اور اس پر اُجرت لینا بھی جائز نہیں ہے۔
مذکورہ بالا تفصیلات کی روشنی میں بہ چند وجوہ مذکورہ ویب سائٹ یا اس جیسی دیگر سائٹس کےذریعے اکاؤنٹ بناکر اس میں پیسے جمع کرکےآن لائن تجارت کرنا شرعاً درست نہیں ہے۔
(1) کیونکہ اس طرح کی ویب سائٹ میں پیسے جمع کرکے تجارت کرنےکےلیے اولًا اسے ڈیجیٹل کرنسی میں تبدیل کیا جاتا ہے، اور شرعاً اس کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی، اور حقیقۃً اس طرح کی ویب سائٹ ميں بيع نہیں ہوتی، بلکہ اس میں سرمايہ كکاری کرنے والےاکثر حضرات کا مقصد اس ڈيجيٹل کرنسی کے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے قیمتوں میں ہونے والے تفاوت کے ذریعے نفع کمانا ہوتا ہے۔
(2) ویب سائٹ کرنسی کے تبادلے کا جو کام کرتی ہے، شرعاً اسے "بیعِ صرف" کہاجاتاہے، اور اس بیع میں متعاقدین کا مجلسِ عقد میں ہی عوضین پر قبضہ کرنا ضروری ہے، اور اسی طرح عوضین کے ایک ہونے کی صورت میں اس پر کمی بیشی کرنا بھی شرعاً درست نہیں ہے، لہٰذا مجلسِ عقد میں عوضین پر تقابض نہ پائےجانے کی وجہ سے، اور اسی طرح عوضین میں کمی بیشی کی وجہ سےایسے سودے شرعاً فاسد ہوں گے اور اس پر ملنے والا نفع بھی حلال نہ ہوگا۔
(3)ویب سائٹ کی تشہیر کےلیے ایک شخص کا دوسرے کو انوائٹ کرنے کی وجہ سے اسے جو کمیشن ملتا ہے،جب کہ اس نے اس نئے اکاؤنٹ بنوانے میں کوئی عمل نہیں کیا، تو اس طرح بغیر کسی کام کے کمیشن لینے کا معاہدہ کرنا اور اس پر اُجرت لینا بھی جائز نہیں، اگرچہ کمپنی کی جانب سے دوسروں کو انوائٹ کرنا ضروری نہ ہو۔ لہٰذا ان وجوہات اور شرعی طور پر پائے جانے والے سقم کی وجہ سے مذکورہ ویب سائٹ پر سرمایہ کاری کرکے تجارت کرنا شرعاً درست نہیں ہے۔