اسلام آباد(نمائندہ جنگ،ایجنسیاں)16مختلف محکموں کو بند کرنے کیلئے قابل عمل سفارشات تیار کرلی گئیں ‘ وزیراعظم شہباز شریف نے رائٹ سائزنگ سے متاثرہ اداروں کے ملازمین کی شنوائی اور سول سروسز کی اصلاحات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی جبکہ شہباز شریف نےسمیڈا بورڈ کے غیر فعال ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘سمیڈا بورڈ سمیت ایسے تمام ادارے جو ملکی معیشت کے لئے انتہائی اہم ہیں ان کے بورڈز کی تشکیل فوری طور پر کی جائے۔ جمعہ کوشہباز شریف کی زیر صدارت اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی فوری تعیناتی کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے سمیڈا کے حوالے سے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی‘اسٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت وزیراعظم خود کریں گے۔