کراچی (ٹی وی رپورٹ)جے یو آئی (ف) کےرہنماء سینیٹر کامران مرتضیٰ کاکہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن سے آصف زرداری نے آئینی ترمیم پر حمایت نہیں مانگی۔آئینی ترمیم آئے گی تو تحریک انصاف کے ساتھ مشاورت کے بعد رائے دیں گے ‘ ٹیسٹ کرکٹراحمد شہزاد نے کہا کہ بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ ہمیں ہوم گراؤنڈ پر ہرایا ہے‘ چیئرمین پی سی بی کو جو فیصلے لینے تھے وہ نہیں لے سکے‘یہ قصور پی سی بی کا ہے‘اس سے بدترین کرکٹ پاکستان کی میں نے کبھی نہیں دیکھی جبکہ اسپورٹس جرنلسٹ سید یحییٰ حسینی کا کہنا ہے کہ ٹیم میں تقسیم کے ذمہ دار بھی محسن رضانقوی ہیں‘بنگلہ دیش کے سابق کپتان نے اتنی جلدی مبارکباد نہیں دی جتنی پہلی مبارکباد ان کو چیئرمین پی سی بی محسن رضانقوی نے دے دی۔شرم کا مقام ہے آپ کو اپنی ٹیم کا پوسٹ مارٹم کرنا چاہئے آپ ان کو مبارکبادیں دے رہے ہیں۔محسن نقوی ڈنڈا پریڈ سے کرکٹ بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے میزبان شہزاد اقبال کا کہناتھاکہ پاکستان کرکٹ مسلسل زوال کا شکار ہے۔پاکستان کی کارکردگی بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ شہزاد اقبال نے مزیدکہا کہ پچھلے کچھ روز سے یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ حکومت جوڈیشل پیکیج کے ذریعے چیف جسٹس کی مدت ملازمت کو فکس کرنا چاہتی ہے۔صدر مملکت کل مولانا فضل الرحمن سے ملنے گئے۔ ذرائع کے مطابق اس ترمیم کے حوالے سے بات ہوئی ہے۔پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹراحمد شہزاد نے کہا کہ لیڈر شپ کا فقدان رہا ہے۔ہمیں پتہ ہے کہ فاسٹ بالرز کو یہاں کامیابی نہیں ملتی پھر بھی ہم نے چار فاسٹ بالرز کھلائے۔ ورلڈ کپ کے بعد جو فیصلے لینے تھے وہ نہیں لئے۔