• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کرپشن سے موسوم، الزام سیدھا بلاول پر لگتا ہے، مخدوم جمیل الزمان

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سروری جماعت کے روحانی پیشوا اور پیپلزپارٹی کے ایم این اے مخدوم جمیل الزماں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے بغیر الیکشن لڑا تو جیت جاؤں گا‘ آرمی چیف کو وزیراعظم اورصدر مقرر کرتے ہیں لیکن یہ سسٹم غلط ہے اور اس قانون کو تبدیل کرنا چاہیے اورآرمی چیف کی تقرری کا اختیار فوج کو ہونا چاہیے کیونکہ صدر یا وزیراعظم کی اتنی سمجھ بوجھ نہیں ہوتی کہ وہ آرمی چیف مقرر کریںاگرپیپلزپارٹی ختم بھی ہوگئی تو ہالا اورگڑھی یاسین میں زندہ رہے گی‘ہمارے لوگوں کو پیپلزپارٹی پرلگے کرپشن کے تاثر کوزائل کرنا چاہئے، پیپلزپارٹی کو کرپشن سے موسوم کیاجاتا ہے یہ غریب ووٹر کی توہین نہیں بلکہ یہ الزام براہ راست بلاول بھٹو زرداری پر لگتاہے، وزیراعلی تبدیل ہو یا نہ لیکن کچے میں آپریشن کر کے امن وامان قائم کیاجائے‘ مجھے فارورڈ بلاک بنانے کی ضرورت نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخدوم ہاؤس قاسم آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔مخدوم جمیل الزماں نے مزید کہا کہ کارکنان چاہتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری آگے آئیں کیونکہ پنجاب میں ہماری پالیسی اور حکمت عملی نہیں‘ آنے والے الیکشن میں ہمارا مقابلہ مریم نواز اور عمران خان سے ہے‘ میرا موقف یہ ہے کہ جہاں پر پیپلزپارٹی پیدا ہوئی وہاں پر ہم کہاں کھڑے ہیں ‘ آصف علی زرداری نے پارٹی کے بڑے عہدے پنجاب کے لوگوں کو دیئے ہوئے ہیں پھر بھی ناکامی دیکھ رہے ہیں‘بلاول بھٹو زرداری کو خط لکھا ہے کہ پنجاب میں پارٹی کی ناکامی کے ذمہ داروں کا تعین کریں۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں اس وقت بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بنیں‘میرے موقف پر پنجاب سے کسی لیڈر کا تاحال کوئی بیان نہیں آیاکیونکہ پنجاب سے پیپلزپارٹی ختم ہورہی ہے‘آصف علی زرداری نے اچھا کام کیا کہ بڑے عہدے پنجاب کے لوگوں کو دیئے لیکن نتیجہ صفررہا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے کارکنان پریشان ہیں کہ اپنے کام کرانے کے لیے کس کے پاس جائیں‘اگرپالیسی یہ بنائی ہے کہ پنجاب سے ہمیں نہیں جیتنا توپھر اپنے لوگوں کے لیے سوچنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کو خط لکھا ہے کہ سی ای سی کا اجلاس بلائیں کہ پنجاب میں پارٹی کایہ حشر کس نے کیا ہے کون وہ لوگ یا مشیر ہیں جنہوں نے پیپلزپارٹی کو پنجاب سے نکلوایاہے‘ پنجاب کو چھوڑ کر تینوں صوبوں سے بھی اگرہم جیت جائیں تو نمبر گیم کے مطابق پیپلزپارٹی اپنا وزیراعظم نہیں لاسکتی جس کا مطلب یہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پنجاب سے جیتے بغیر وزیراعظم نہیں بن سکتے۔ مخدوم جمیل الزماں نے کہا کہ اگریہ معاہدہ کرلیں کہ آج تمہارا اورکل ہمارا وزیراعظم ہوگا تو یہ مانگے تانگے کی حکومت ہوگی یہ وقت بلاول بھٹو کے وزیراعظم بننے کا ہے کہ وہ وزیراعظم بن کر پنجاب اورپورے پاکستان کی عوام کی خدمت کریں ۔ حیرت کی بات ہے کہ ان معاملات پر پنجاب کے لوگ خاموش ہیں‘فارم 47کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو تحقیقات کرنی چاہیے کہ کون اصل میں جیتا اورکون ہارا‘یہ ناقابل قبول ہے کہ کوئی ہار کر بھی وزیر بن جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر میں نے پیپلزپارٹی کے بغیر بھی الیکشن لڑا تو مجھے لوگ جتوادیں گے، اگر پیپلز پارٹی ختم بھی ہوگئی تو ہالا اورگڑھی یاسین میں زندہ رہے گی‘ہمارے لوگوں کو پیپلزپارٹی پرلگے کرپشن کے تاثر کوزائل کرنا چاہیے‘ اگرپیپلزپارٹی کو کرپشن سے موسوم کیاجاتا ہے یہ غریب ووٹر کی توہین نہیں بلکہ یہ الزام براہ راست بلاول بھٹو زرداری پر لگتاہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے امن وامان کے حوالے سے معاملہ اٹھایا لیکن وہاں کے ایم این ایز اورایم پی ایز اس معاملے پرکیوں نہیں بولتے ‘ امن وامان کے معاملے پرآئی جی سندھ کوخط لکھا ہے لیکن انکا جواب نہیں آیا‘ میں اس معاملے پر قومی اسمبلی میں بات کرنا چاہ رہاہوں‘مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتاہوں کہ اس نے ڈاکووں کی سر کی قیمت میں اضافہ کیا اورخاتون ہونے کے باوجود وہاں گئی۔ مخدوم جمیل الزماں نے مزید کہا کہ میری باتوں کا ہماری لیڈرشب اس لیے جواب نہیں دے رہی کیونکہ وہ اس وقت حکومت میں ہیں اورمصروف ہیں‘ پیپلزپارٹی لیڈرشب اپوزیشن میں ہوتے ہیں توجلد جواب دیتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید