برمنگھم (پ ر) پیپلزنیشنل پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر تحریک آزادی کشمیر کے رہنما ذوالفقار راجہ نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی سرحدی تنازع نہیں بلکہ ایک کروڑ سے زائد انسانوں کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد سعید مغل ایم بی ای کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں نے اہم کردار ادا کیا ہے جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، ہمیں کشمیر کی آزادی کیلئے خود قربانیاں دینا ہوں گی۔ استقبالیہ میں پیپلزنیشنل پارٹی کے وائس چیئرمین طاہر بوستان ایڈوکیٹ، پی ٹی آئی میرپور کے صدر مرزا افتخار، چوہدری خلیل، راجہ یوسف خان، راجہ عارف خان ، شہزاد محمود مغل اور دیگر نے شرکت کی۔ طاہر بوستان نے کہا آزاد کشمیر کو ایک دن کشمیریوں کی منشا کے مطابق آزادی ملے گی جس دن بھارتی افواج کو مقبوضہ کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ کشمیر کشمیری عوام کا حق ہے اس کے لئے قربانیاں دی ہیں بھارتی افواج کا ظلم و ستم زیادہ عرصہ قائم نہیں رہ سکتا۔