اسلام آباد(نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا ہر صورت خاتمہ کرینگے، ملک دشمنوں سے بات نہیں ہوگی، آئین تسلیم کرنیوالوں سے مذاکرات کے راستے کھلے ہیں، جلد بلوچستان کا دورہ کر کے جامع بات چیت کی جائیگی، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں نے بیگناہ شہریوں کو نشانہ بنایا ہے، ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں، دشمن قوتیں چین اور پاکستان کے درمیان خلیج پیداکرناا ورملکی ترقی کو روکنا چاہتی ہیں، سیکورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، افواج پاکستان کو دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے تمام تروسائل فراہم کرینگے، ڈیجیٹائزیشن اور اسمارٹ مینجمنٹ متعارف کروا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگوکرتےہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پچھلے چند ماہ کے دوران دہشت گردی کی لہر میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان ، کرک اور دیگر علاقوں میں دہشت گردوں نے بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا۔دہشت گردی کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں۔ اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ ٹی ٹی پی کے دہشت گرد افغان سرزمین سے کارروائیاں کرتے ہیں، اس حوالے سے حکومت پاکستان کی طرف سے افغان حکومت کو آگاہ کیاگیا اور دہشت گردوں کیخلاف موثر آپریشن بھی کئے گئے ہیں۔ اسی طرح بلوچستان میں دہشت گردی کے کل جو واقعات ہوئے ہیں انکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ بے گناہ پاکستانیوں کو شہید کر کے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم پورے نہیں کر سکتے۔