• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی کیخلاف پاکستان کیساتھ ہیں، امریکا، روس، چین، اقوام متحدہ

اسلام آباد (فاروق اقدس)امریکا ‘چین ‘ روس ‘اقوام متحدہ ‘یورپی یونین ‘ایران سمیت دیگر ممالک اور عالمی اداروں نے پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ لہرپرتشویش اور اضطراب کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان سے ہمدردی اور تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

 بلوچستان میں دہشت گردحملوں پر امریکی سفارت خانے نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا ۔ 

چین نے پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تعاون بڑھانے کا اعلان کردیا جبکہ یورپی یونین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔ 

امریکی سفارت خانے کے ترجمان جوناتھن لالی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا بلوچستان میں حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے ‘ہمارے دل جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں اور پیاروں کے لیے غمزدہ ہیں۔ 

چین نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے سکیورٹی تعاون بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ 

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ 

چین ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف مضبوط کھڑا ہے۔ چین پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون کو مزید بڑھانے اور خطے میں امن و سلامتی کے مشترکہ تحفظ کے لیے تیار ہے۔

 نیویارک میں بریفنگ کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ سیکریٹری جنرل اس بات پر زور دیتے ہیں کہ شہریوں کے خلاف حملے ناقابل قبول ہیں۔حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تحقیقات کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے۔ 

یورپی یونین کی خارجہ امور اور سکیورٹی پالیسی کی ترجمان نبیلہ مسرالی نے کہا کہ دہشت گردی اور تشدد کی کسی بھی صورت میں کہیں جگہ نہیں اور یہ جمہوریت کی بنیادوں کےلیے خطرہ ہیں۔ ایرانی سفارتخانے کی بھی موسیٰ خیل اور قلات واقعے کی شدید مذمت کی۔

اہم خبریں سے مزید