کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسکاٹ اربوم نے امریکن قونصل جنرل کراچی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے، اسکاٹ اربم وسیع تر تجربہ کے ساتھ نئی ذمہ داری سرانجام دینے آئے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز میں بطور آفس ڈائریکٹر خدمات انجام دی ہیں، جو کہ خطے میں مختلف ممالک کے ساتھ امریکا کے باہمی تعلقات سے متعلق امور کی نگرانی کرتا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے دفتر برائے کورین امور میں ڈپٹی ڈائریکٹر اور تائیوان میں امریکی انسٹی ٹیوٹ میں ڈپٹی پولیٹیکل چیف کی ذمہ داریاں ادا کیں، جبکہ دفتر برائے کورین امور میں ڈی پی آر کے یونٹ چیف بھی رہ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ چین کے بیجنگ، بارباڈوس کے برج ٹان اور یوکرائین کے کیف میں بھی غیرملکی عہدہ دار کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔اسکاٹ اربومنے فارین سروس میں قدم رکھنے سے قبل قازقستان میں بطور امن رضاکار انگریزی کی تعلیم دیتے ہوئے بین الاقوامی تعلیم میں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے جارج ٹان کے اسکول آف فارین سروس میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہاورڈ یونیورسٹی اور نیشنل وار کالیج سے ماسٹرس کی ڈگریاں حاصل کیں۔