• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

12 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کرنے والا سفاک ملزم گرفتار

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ضلع ساؤتھ پولیس نے 12سالہ بچی سے زیادتی کے بعد اسے قتل کرنے والے سفاک ملزم کو گرفتار کر لیا۔تین روز قبل صدر لکی اسٹار کے قریب کچرا کنڈی سے 12سالہ بچی کی باری بند لاش ملی تھی جسکی شناخت بعد ازاں گنگا کے نام سے ہوئی تھی۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ صدر میں بچی کی والدہ منگتی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔بچی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا تھا۔ساؤتھ پولیس کے مطابق واقعہ میں ملوث ایک ملزم 25 سالہ وقار علی ولد وزیر علی کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔متاثرہ بچی فرئیر کے علاقے میں ریلوے پھاٹک کے پاس رہتی تھی۔پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ملزمان نے بچی سے زیادتی کے بعد بچی کی لاش کو بوری میں بند کر کے صدر لکی اسٹار کے قریب کچرہ کنڈی میں پھینک دیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم وقار علی نے اعتراف جرم کر لیا ہے ۔ملزم کینٹ بازار کا چوکیدار ہے جبکہ اس کے ساتھی کینٹ اسٹیشن پر واقع بسوں کے اڈے کے چوکیدار ہیں۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے بس ٹرمینل کے ایک کمرے میں بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واقعہ سے قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔ملزم کو بچی کے ساتھ کینٹ اسٹیشن کے قریب دیکھا جاسکتا ہے ۔فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے ملزم کچھ دیر کینٹ اسٹیشن کے قریب کھڑے رہتا ہے ۔پولیس کے مطابق پہچانے جانے کے ڈر سے ملزمان نے بچی کو قتل کیا ۔گرفتار ملزم کا ڈی این اے بھی لیا گیا ہے ۔وردات میں ملوث دیگر دو ملزمان فرار ہوگئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کوششیں کر رہی ہے۔وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے بچی سے زیادتی اور قتل میں ملوث ملزم کی گرفتاری پر ایس ایس پی ساؤتھ اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ گھناؤنے اور سنگین جرم میں ملوث دیگر دو ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید