• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منگھوپیر تھانے کے منشی کی کرپشن سے پریشان کانسٹیبل کی ویڈیو وائرل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) منگھوپیر تھانے کے اہلکار نے تھانے میں ہونے والی کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا۔تھانے میں تعینات پولیس کانسٹیبل علی احمد نے کرپشن کی کہانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔اہلکار نے اپنے ویڈیو بیان میں تھانے کے منشی عابد کی جانب سے کرپشن کا انکشاف کیا ہے۔ اہلکار کے مطابق منشی عابد نے ظلم مچایا ہوا ہے،منشی عابد ایک ہزار روپے یومیہ فی سپاہی رشوت لے رہا ہے اور منشی رشوت دینے والے اہلکاروں کو رعایت اور چھٹی فراہم کررہا ہے۔اہلکار نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ اس کا بیٹا بلڈ کینسر کا مریض ہے جس کے علاج پر ماہانہ تیس سے 35 ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں جبکہ پندرہ ہزار روپے گھر کا کرایہ ہے۔اہلکار نے بتایا کہ اسکی تنخواہ 35 ہزار ہے ایسے میں منشی کو رشوت کیسے دے سکتا ہے۔اہلکار نے الزام لگایا کہ عابد منشی رشوت نہ دینے والے اہلکاروں کو پریشان کررہا ہے،اہلکار نے اعلیٰ پولیس افسران سے اپیل کی ہے کہ منشی عابد کو ہٹایا جائے اور اسکی جگہ ایماندار منشی کو تعینات کیا جائے۔اہلکار کی جانب سے وائرل ویڈیو پر ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمٰن بگٹی نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی منگھوپیر کو واقعہ کا انکوائری افسر مقرر کیا ہے۔ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ تادیبی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے، فراض کی ادائیگی میں کوتاہی برتنے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید