لندن (پی اے) محکمہ موسمیات نے انگلینڈ کیلئے جو موسمیاتی وارننگ جاری کی ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ طوفان اور شدید بارشوں سے سائوتھ ویسٹ میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا تھا کہ محکمے نے ایک زرد وارننگ جاری کردی ہے، جس کے مطابق ریجن میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ انگلینڈ کے بعض علاقے طوفان کی زد میں آسکتے ہیں اور شدید بارشوں کی وجہ سے سیلاب آنے، بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوجانے اور آمدورفت میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے، شدید بارش کی وجہ سے بارش کا پانی تیزی کے ساتھ دکانوں اور گھروں میں داخل ہوجانے کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش اور طوفان کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑی چلانے میں دشواری پیش آسکتی ہے اور بعض سڑکوں کو آمدورفت کیلئے بند کیا جاسکتا ہے اور بعض ٹرینوں اور بس سروسز کو بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ طوفان اور بارشوں سے جنوبی انگلینڈ، مڈلینڈز، انگلینڈ کے شمالی علاقوں اور ویلز کے مشرقی علاقوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ہفتہ کی رات کو جنوبی انگلینڈ کے بعض حصوں میں کہیں کہیں طوفان آیا اور بارش ہوئی لیکن اتوار کی صبح کو جنوبی انگلینڈ کے بعض حصوں میں زیادہ جم کر بارش ہونے اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ترجمان کے مطابق طوفان اس کے بعد شام تک تیزی کے ساتھ شمال کی جانب چلا جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایک گھنٹے میں 30 سے40 ملی میٹر بارش ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بجلی چمکتے رہنے اور بادل کڑکتے رہنے کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق اب تک مختلف علاقوں میں بارش اوسط کے مطابق رہی ہے۔