فیصل آباد (نمائندہ جنگ) امریکی صدر کے مشیر برائے آرٹس اینڈ کلچر شاہد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے لیکن اس کے لئے ہر شہری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان کی کسی بھی بلاک کیساتھ غیر ضروری صف بندی نقصان دہ ہو گی، بھارت، چین، ویتنام، بنگلہ دیش، اور ایتھوپیا جیسے ممالک امریکہ میں اپنے قومی برانڈز پھیلا رہے ہیں ،امریکی منڈی پاکستان کیلئے اوپن ہے، وہ پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے پیٹرن چیف خرم مختار کی دعوت پر فیصل آباد میں انڈسٹریز کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر مختار احمد،حامد مختار، اویس مختار، شعیب مختار اور حمزہ مختار سمیت شہر کی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، شاہد احمد خان نے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ان شعبوں میں مہارت رکھنے والی عالمی تنظیموں کے ساتھ مل کر اپنے معدنی اور قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کو بڑھانے کے لیے پاکستان کو دوسروں پر مسلسل عدم اعتماد کرنے کی عادت ترک کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو اپنے شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کو ترجیح دینی چاہیے اور کسی بھی بلاک کے ساتھ غیر ضروری صف بندی سے گریز کرنی چاہیے جو ملکی مفادات کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔