اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ، پی ٹی آئی بات چیت ریاست کے مفاد میں بہت ضروری ہے، بیرسٹر گوہر نے کہا حکومت سے براہ راست مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں، بات چیت کی آفر دی اور نہ ہی کوئی فیور مانگا، یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت سب سے مذاکرات ہونے چاہئیں، اگر مذاکرات ہو رہے ہیں تو اس کی قیادت وزیراعظم خود کریں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی اسپیکر قومی اسمبلی سے کسی بھی مذاکراتی عمل پر گفتگو نہیں ہوئی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کوئی پی ٹی آئی رکن اسمبلی لیگی قیادت یا رہنماؤں سے مذاکرات کیلئے رابطے میں نہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی سینئر قیادت نے ن لیگ سے نہ کوئی مذاکرات کیے نہ خواہش ہے، قومی اسمبلی کی کارروائی سے متعلق اسپیکر سے مختلف معاملات پر بات چیت ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں ترجمان پاکستان تحریک انصاف رؤف حسن نے کہا ہے کہ امید اور دعا ہے فوج اور پی ٹی آئی میں ڈیڈلاک مزید برقرار نہ رہے۔غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے رؤف حسن نے کہا کہ ریاست کے مفاد میں پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ بات چیت بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوزیشن ہمیشہ یہی رہی کہ ہم ان کے ساتھ انگیج ہونا چاہتے ہیں، فوج کے ساتھ ڈیڈلاک ختم کرنے کیلئے پی ٹی آئی جو کرسکتی تھی وہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ فوج کے ساتھ بات چیت بھی آئین کے دائرہ کار میں ہوگی، تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں گے تو عدم استحکام ختم ہوجائیگا۔ دریں اثناء چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قومی مفاد میں تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے مذاکرات ہونے چاہئیں۔