اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے تحریک انصاف کے رہنما ذلفی بخاری کی جائیدادیں ضبط کرنے کیلئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کر دی۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے ذلفی بخاری کی جائیدادیں ضبط کرنے کیلئے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ذلفی بخاری عدالت سے اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں۔ نیب کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ذلفی بخاری کی اسلام آباد میں 34کنال اور اٹک میں 1300کنال اراضی ضبط کرنے کا حکم دیا جائے۔ خیال رہے کہ 190ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان، بشریٰ بی بی، فرح گوگی اور شہزاد اکبر کے علاوہ ذلفی بخاری بھی نامزد ہیں تاہم فرح گوگی اور شہزاد اکبر کی طرح ذلفی بخاری بھی مقدمے میں پیش نہیں ہوئے۔