• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی، عوام سے رابطے کے ذرائع عدم دستیاب

کراچی (سید محمد عسکری) کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی بنا دیا گیا لیکن نہ تویونیورسٹی کے فون نمبرز فعال ہیں نہ ہی نئے وائس چانسلر کے حوالے سے کوئی معلومات ہیں جب کہ یونیورسٹی کی کوئی ویب سائٹ موجود نہیں ہے اور نہ ہی کے ایم ڈی سی کی موجودہ ویب سائٹ پر اس حوالے سے کوئی معلومات ہیں۔ اس صورتحال میں یونیورسٹی سے عام عوام سے رابطے کے ذرائع عدم دستیاب ہیں۔ کے ایم ڈی سی کو کراچی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی میں تبدیل کیے جانے کے بعد ایک تنازع یہ بھی سامنے آ سکتا ہے کہ اس نام سے ملتی جلتی ایک نجی یونیورسٹی میٹروپولیٹن یونیورسٹی آف کراچی بھی فعال ہے اور انٹرنیٹ پر سرکاری یونیورسٹی کا نام تلاش کرنے پر نجی یونیورسٹی کی ویب سائٹ کھل جاتی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ عوام کو یونیورسٹی کے ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے رابطوں میں کس قدر کنفیوژن اور مشکلات کا شکار ہوگا۔ اس حوالے سے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے دی میٹرو پولیٹن یونیورسٹی کے پہلے مستقل وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ انہیں وی سی بنے دو ہفتے ہی ہوئے ہیں اگرچہ کے ایم ڈی سی کو 10 ماہ قبل میٹروپولیٹن یونیورسٹی بنایا گیا لیکن فنڈز نہ ہونے اور مستقل وی سی نہ ہونے کے باعث صورتحال بہت خراب تھی۔ یونیورسٹی کے نمبر بند پڑے ہوئے تھے انہیں کھولا جارہا ہے یونیورسٹی کے یونیورسل نمبر کیلئے پی ٹی سی ایل کو خط لکھ دیا گیا ہے جب کہ ویب یونیورسٹی کی ویب سائٹ بھی بنائی جارہی ہے اور بہت جلد چیزیں بہتر ہو جائیں گی۔
اہم خبریں سے مزید