اسلام آباد (نمائندہ جنگ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات کا ٹرائل فوجی عدالتوں کی بجائے سویلین کورٹس میں ہی کرنے اور خود کو فوجی تحویل میں دینے سے روکنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراضات عائد کر دئیے، گزشتہ روز عزیر کرامت بھنڈاری ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست میں وفاق ، سیکرٹری قانون ، سیکرٹری داخلہ ، آئی جی اسلام آباد ، آئی جی پنجاب ، ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو فریق بنایا گیا ہےاوراستدعا کی گئی ہے بانی پی ٹی آئی کو فوجی تحویل میں دینے سے روکا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ بانی پی ٹی آئی سویلین عدالتوں اور سویلین تحویل میں رہیں، ادھر رجسٹرار آفس کا کہناہے کہ کسی مخصوص ایف آئی آر کا حوالہ دئیے بغیر عمومی ریلیف کیسے مانگا جا سکتا ہے؟ درخواست کیساتھ کوئی آرڈر یا دستاویز نہیں لگائی گئی پنجاب کے مقدمات پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے؟ ملٹری کورٹس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہوتے ہوئے ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے؟