• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ فٹنس سے مشروط کردیا، پاکستانی کرکٹرز پریشان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعدپاکستانی کرکٹرز تین دن کے لئے گھروں کو چلے گئے ہیں۔ 30 جون کو پاکستانی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعدپی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ دینے سے قبل انہیں فٹنس ٹیسٹ سے مشروط کردیا ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ 7 اور 9 ستمبر کو لاہور میں ہوں گے۔ فٹنس ٹیسٹ کو سینٹرل کنٹریکٹ سے مشروط کیا گیا ہے اور سخت فٹنس کی وجہ سے قومی کرکٹرز پریشانی کا شکار ہیں ، انہوں نے ٹیسٹ کیلئے تیاری شروع کردی ہے۔ ٹیسٹ پاس کرنے کے لیے معیار 60 فیصد کردیا گیا ہے جو کہ عالمی سطح پر 50 فیصد قرار دیا جاتا ہے، فٹنس ٹیسٹ میں بنچ پریس، اسکن فولڈ ، بنچ پل اسکواٹ اور جمپ شامل ہیں۔ دوکلو میٹر ٹرائل رن مکمل کرنے کیلئے 8 منٹ جب کہ تین رنز کیلئے 10 سیکنڈز کا وقت مقرر کیا گیا ہے، 30-30 سیکنڈز کے وقفے سے 6 مرتبہ 3 رنز لینے ہیں، دوڑ اور 3 رنز کے مقررہ وقت نے کھلاڑیوں کو پریشان کردیا ہے۔ واضح رہے کہ کئی مہینوں سے فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ ختم کردیا گیا تھا پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کی ایک وجہ کھلاڑیوں کی خراب فٹنس بتائی جاتی ہے۔ اس لئے پی سی بی فٹنس کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔