لندن (پی اے) خون کے خشک نمونوں کا استعمال کرنے والا ایک کامیاب ٹیسٹ 15 منٹ یا اس سے کم وقت میں پروسٹیٹ کینسر کا پتہ لگا سکتا ہے۔ آسٹن یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک نیا طریقہ دریافت کیا ہے, جو پانی کی کمی والے خون میں کرسٹل جیسے ڈھانچے کا تجزیہ کرتا ہے۔ یونیورسٹی کے ایسٹن انسٹی ٹیوٹ آف فوٹوونک ٹیکنالوجیز کے پروفیسر ایگور میگلنسکی نے کہا کہ غیر حملہ آور تکنیک پروسٹیٹ کینسر کی علامات ظاہر ہونے سے پہلے ہی 90فیصد تک درستی کے ساتھ پتہ لگا سکتی ہے انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت نےکینسر کی تشخیص اور نگرانی کے لئے نئی راہیں کھول دی ہیں، جو ذاتی نوعیت کی ادویات اور آنکولوجی میں کافی آگے بڑھنے کی نمائندگی کرتی ہے۔ پروسٹیٹ کینسر کے لئے فی الحال کوئی قومی اسکریننگ پروگرام موجود نہیں ہے اور معیاری خون کا ٹیسٹ، جو پروسٹیٹ مخصوص اینٹیجن (پی ایس اے) نامی پروٹین کی سطح کی پیمائش کرتا ہے، مکمل طور پردرست نہیں ہے۔ مزید ٹیسٹ جیسے کہ مقعد کا ٹیسٹ اور نسیجی تشخیص اکثر بیماری کا پتہ چلانے کیلئے درکار ہوتے ہیں اور یہ تکلیف دہ اور ناگوار ہو سکتے ہیں۔ سائنسی رپورٹس کے جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیق کیلئے ٹیم نے صحت مند رضاکاروں کے ساتھ ساتھ پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا افراد کے 108خشک خون کے سمیر کے نمونوں کا تجزیہ کیا۔ ماہرین نے خون کے نمونوں میں پروٹین کے ڈھانچے کی جانچ کی اس تکنیک کا استعمال کیا، جسے نئی پولرائزیشن پر مبنی امیج ری کنسٹرکشن کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر توجہ مرکوز کی کہ کس طرح پروٹین اپنی 3D شکل بدلتے ہیں اور بیماری کے ابتدائی مراحل کے دوران آپس میں جڑ جاتے ہیں، جس سے خون کی خشکی کا تفصیلی پرت بہ پرت تجزیہ کیا جاتا ہے۔ ماہرین نے کہا کہ یہ قدم صحت مند اور کینسر کے نمونوں کے درمیان اہم فرق کی شناخت کے لئے اہم ہے۔ پروفیسر میگلنسکی نے کہا کہ پورے عمل بشمول خشک ہونے کے وقت میں15 منٹ لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نتائج میں پروسٹیٹ کینسر کی ابتدائی تشخیص کی90 فیصد درستی کی شرح ہے، جو موجودہ اسکریننگ کے طریقوں سے بہت زیادہ ہے اور یہ کینسر کی تشخیص میں انقلاب لانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتی ہے۔ پروفیسر میگلنسکی نے مزید کہا کہ مردوں میں کینسر سے ہونے والی اموات میں پروسٹیٹ کینسر کا حصہ تقریباً 10 فیصد ہے اور یہ بوڑھے مردوں میں موت کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔ تاہم مرحلہ1 یا2 میں پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص شدہ 90فیصد مریضوں کی متوقع زندگی15سال یا اس سے زیادہ ہے پہلے اور زیادہ درست پتہ لگانے کو فعال کرنے سے ہمارے خون کے ٹیسٹ میں بہت سے مریضوں کیلئے نتائج اور بقا کی شرح کو نمایاں طور پر بہتر کرنے کی صلاحیت ہے۔ پروفیسر میگلنسکی نے کہا کہ یہ تکنیک زیادہ ناگوار نسیجی تشخیص کے بجائے خون کے نمونوں پر انحصار کرتی ہے، لہٰذا یہ مریضوں کے لئے کم تکلیف دہ اور خطرناک ہے لیکن انہوں نے مزید کہا کہ نتائج ابتدائی ہیں، اس لئے تکنیک کی صلاحیت کی تصدیق کے لئے بڑے کلینیکل ٹرائلز کی ضرورت ہے۔ ڈائریکٹر ریسرچ پروسٹیٹ کینسر یو کے ڈاکٹر میتھیو ہوبز نے جو کہ اس تحقیق میں شامل نہیں تھے، کہا کہ ہر سال10000سے زیادہ مردوں میں مرض کی اس وقت تشخیص ہوتی ہے، جب ان کا کینسر پہلے ہی پھیل کر لاعلاج ہو جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ بہت اہم ہے کہ ہم پروسٹیٹ کینسر کے لئے بہتر ٹیسٹ تلاش کریں۔ بڑا مسئلہ یہ ثابت کر رہا ہے کہ یہ ٹیسٹ اس سے بہتر ہیں جو ہمارے پاس پہلے سے ہیں۔