لندن (سعید نیازی) پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ سے ملاقات بہت اچھی رہی اور ہم نے باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ دولت مشترکہ کے ہیڈ کوارٹر مارلبرا ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں تقریباً 17 لاکھ پاکستانی آباد ہیں جو برطانیہ اور پاکستان کیلئے اہم اثاثہ ہیں اورحالیہ انتخابات میں پاکستان نژاد15ارکان بھی منتخب ہوئے ہیں جو پاکستان کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے دورہ برطانیہ کیلئے دونوں ممالک کے وزارت خارجہ تاریخ کے تعین کیلئے بات چیت کر رہے ہیں اور ممکن ہے کہ چند ہفتوں میں ہی یہ دورہ ہو، اس سلسلے میں گزشتہ روز فارن سیکرٹری ڈیوڈ لیمی سے ملاقات میں بھی اس حوالے سے بات ہوئی تھی۔ انہوں نے برطانیہ کے بادشاہ چارلس کی صحت یابی پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ کا کہنا ہے تھا کہ ان کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی شاندار اور کامیاب تھا ، جہاں صدر، وزیراعظم اور ڈپٹی وزیراعظم کے علاوہ دیگر سے ملاقاتیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نئی دولت مشترکہ کا بانی رکن ہے اور یہ دولت مشترکہ کیلئے انتہائی اہم ملک ہے۔ اس وقت دولت مشترکہ 56 ممالک پر مشتمل ہے، اس کی اقدار کے سبب بہت سے ممالک اس کا حصہ بنے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اسحاق ڈار کی طرف سے عجب خان کی بنائی ہوئی پاکستان کے خوبصورت ماحول کی عکاسی کرتی تصویر دیئے جانے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تصویر مارلبرا ہائوس کا حصہ رہے گی اور یہاں آنے والے اسے دیکھ کر پاکستان کی خوبصورتی کا اندازہ لگا سکیں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ انہیں دوبارہ بھی پاکستان جانے کا موقع ملے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کے یوتھ ایجنڈے کی قیادت بھی کر رہا ہے۔ یوتھ منسٹر میٹنگ کی صدارت بھی پاکستان کے پاس ہے۔ اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔