• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

65کی طرح آج بھی ہماری افواج ملکی بقا وسالمیت کیلئےبھرپور کردار ادا کر رہی ہیں

ملتان (فورم رپورٹ؍شازیہ ناہید)65 کی طرح آج بھی ہماری مسلح افواج ملکی بقاء اور قومی سالمیت میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں،جب قوم اور افواج ایک ہو کر چلتے ہیں تو کوئی بھی چیلنج ناممکن نہیں رہتا۔ ہمیں افواج کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے قومی مفاد کو سب سے اوپر رکھنا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار ’’یوم دفاع پاکستان‘‘ کے موقع پر طلبا نے جنگ فورم میں کیا۔عبیرہ کرامت نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان کا دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے جو 1965 میں ہماری مسلح افواج اور قوم نےدکھایا۔ آج کے حالات میں بھی، جب ملک کو مختلف داخلی اور خارجی چیلنجز کا سامنا ہے، مسلح افواج کا کردار بے حد اہم ہے۔ یہ کہنا بجا ہوگا کہ مسلح افواج نے نہ صرف ملک کی سالمیت کو یقینی بنایاہے بلکہ امن و استحکام کے قیام میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔پاکستان کے عوام اور افواج کے درمیان اعتماد اور محبت کا رشتہ ہے جو ملک کو مضبوط بناتاہے۔ آج کے نوجوانوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ وہ اس رشتے کو مضبوط کریں، یوم دفاع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم سب مل کر ہی تاریخ رقم کر سکتے ہیں،کبشہ ظفر نے کہا کہ یو ِم دفاع پاکستان ہر سال جوش و احترام سے منائے جانا والا وہ تہوار ہے جو کہ 6 ستمبر1965 ء کی جنگ اور پاکستانی قوم کی جانی و مالی خدمات اور قربانیوں کی بدولت جیتے جانے کی خوشی کی یاد میں منایا جاتا ہے ۔پاکستانی عوام اور پاکستانی افواج مل کر ملک کی ترقی و استحکام کے لئے جدوجہد اور کوششیں کرتی چلی آئی ہیں یہی وجہ ہے کہ اس ملک کی عوام کی اپنی فوج سے محبت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ۔ سیلاب زدگان ہوں یا زلزلہ متاثرین یہ ملک کے سپوت اپنی ہر ممکن کوشش کرتے ہوئے لوگوں کا خیال رکھتے ہوئے انھیں تحفظ فراہم کرتے ہیں ۔پاکستان کے حفاظتی نظام کو بہترین بنانے کے لیے مسلح افواج کے کردار کو تسلیم کرنا اتنا ہی اہم ہے جتنا خود کو محب وطن ماننا اور ثابت کرنا ضروری ہے ۔سہیل احمد خان اوردلاور رفیق نے کہا کہ ملک کو جب کبھی بھی کوئی خطرہ لاحق ہوتا ہے چاہے وہ سرحدوں کی حفاظت ہو یا اندرونی آفات اور انتشاری گروہوں کی سرکوبی، ہماری افواج کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرتیں۔ذیشا اشفاق نے کہا کہ سرحدوں کے محافظ اپنا کام نبھائیں اور وطنِ عزیز کی حدود میں رہنے والے ہم سب اپنے فرائض کو پہچانیں اور بدعنوانی جیسی وبا سے اپنے ملک کو محفوظ کریں۔سرحد پر ہوں یا حدود کے اندر اپنے ملک کا دفاع ہر حال میں کریں۔وردہ محمود نے کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہیں۔ ملکی دفاع کے ساتھ ساتھ، قومی اتحاد اور یکجہتی کو برقرار رکھنے میں بھی فوج کا کردار بے حد مثبت رہا ہے۔شاہ زیب اور عمر اعوان نے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کو اس یوم وفا سے نسبت ہے ۔ موجودہ حالات میں وطن عزیز کو 65 سے کہیں زیادہ وفا داریوں کی ضرورت ہے۔
ملتان سے مزید