• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو اکنامک مفادات کیلئے بحریہ کو مضبوط بنانا ہوگا، صدر زرداری، 2 نئے جنگی بحری جہاز بیڑے میں شامل

کراچی(اسٹاف رپورٹر/محمد منصف)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی خودمختاری‘امن، خوشحالی اور استحکام برقرار رکھنے ، مادر وطن کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع اور شہداء ہمیں ہماری مسلح افواج اور شہریوں کے حوصلے، اتحاد اور عزم کی یاد دلاتا ہے‘ملکی سمندری حدود کے دفاع کیلئے مضبوط بحریہ ناگزیر ہے ‘ملک کے جیو اکنامک مفادات کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کو مضبوط بنانا ہوگا‘مسلح افواج کسی بھی بیرونی جارحیت سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو کراچی میں 2نئے بحری جنگی جہازوںپی این ایس بابر اور حنین کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ترکیہ کے ڈپٹی منسٹر آف نیشنل ڈیفنس بلال بردالی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، کنسٹرکشن یارڈز کے اعلیٰ نمائندوں، مسلح افواج کے اعلیٰ حکام اور سیاسی قیادت نے شرکت کی۔ پی این ایس بابر ایک کثیر المقاصد جہاز ہے جو 23 ستمبر 2023 کو استنبول نیول شپ یارڈ میں بنایا اور شروع کیا گیا،پی این ایس حنین ایک آف شور گشت کرنے والا جہاز ہے جو 25 جولائی 2024 کو رومانیہ کے ڈیمین شپ یارڈ میں بنایا اور کمیشن کیا گیا۔ صدر مملکت نے پی این ایس بابر اور حنین کی پاکستان نیوی کے بیڑے میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جہاز پاک بحریہ کی بڑھتی آپریشنل ذمہ داریاں پورا کرنے میں مدد دینگے، جہاز ترکیہ کے ساتھ ہماری مضبوط دوستی ، رومانیہ میں ڈچ ڈیمین شپ یارڈ پر اعتماد کی علامت ہیں‘جہازوں سے پاک بحریہ کی ملکی سمندری حدود کے دفاع کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے میری ٹائم سکیورٹی، علاقائی استحکام ، سمندری راستوں کی حفاظت میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاک بحریہ بحری تجارت کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنا رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید