کراچی(نیوز ڈیسک)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی سندھ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جاوید مہر شمسی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین نے محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے طویل عرصہ سے زیرِ التواء واجبات کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واجبات کی ادائیگی جلد از جلد کی جائے ۔اجلاس میں اراکین نے پی آئی ڈی کی جانب سے اخبارات کو اشتہارات کے اجراء اور واجبات کی ادائیگی میں صوبہ سندھ سے تعلق رکھنے والے اخبارات کو نظر انداز کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پی آئی ڈی سے سندھ کے اخبارات کو اشتہارات کا اجراء یقینی بنایا جائے تاکہ اخبارات اپنے مالی مسائل سے عہدہ براء ہوسکیں اور صحافی و دیگر ملازمین کی اجرتوں اور واجبات کی بروقت ادائیگی کر سکیں۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ اخبارات کو اشتہارات جاری کیے جائیں۔اجلاس میں چیئرمین سندھ کمیٹیجاوید مہر شمسی ،یونس مہر، ممتاز علی پھلپھوٹو، علی بن یونس ، خرم حسین، نجم الدین شیخ ، شبیر حسین ، اقبال تنیو، زاہدہ عباسی، ناصر داد بلوچ، محمد عرفان اوردیگر نے شرکت کی۔