• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رات کے وقت زیادہ روشنی الزائمر کے خطرے میں اضافہ کر سکتی ہے، تحقیق

علامتی فوٹو
علامتی فوٹو

ایک نئی تحقیق کے مطابق رات کے وقت زیادہ روشنی میں سونے والے افراد میں الزائمر (بھولنے کی بیماری) کا خطرہ زیادہ ہوسکتا ہے، بالخصوص ایسے افراد میں جو درمیانی عمر کے ہیں۔ 

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق تحقیق سے معلوم ہوا کہ 65 سال سے زائد عمر کے افراد میں رات کے وقت کی روشنی کے ساتھ ساتھ الزائمر کے خطرے کو بڑھانے میں گردے کی بیماری، ڈپریشن اور موٹاپے جیسے عوامل بھی شامل ہیں۔ 

مزید یہ کہ 65 سال سے کم عمر کے افراد کے دماغ پر رات کے وقت کی روشنی کا اثر اور بھی زیادہ ہوتا ہے اور یہی روشنی ایسے افراد میں الزائمر کے جلد شروع ہونے کا سب سے بڑا خطرہ ہے۔

تحقیق کی سربراہ روبن وائگٹ۔زوالا نے کہا کہ امریکا میں رات کے وقت کی روشنی اور الزائمر کی بیماری کے درمیان ایک مثبت تعلق پایا گیا ہے، خاص طور پر ان لوگوں میں جو 65 سال سے زائد عمر کے ہیں۔

اس تحقیق میں محققین نے امریکا کی 48 ریاستوں میں روشنی کی آلودگی کے نقشے اور الزائمر کی بیماری کے پھیلاؤ کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا۔

نتائج سے پتہ چلا کہ نوجوان افراد رات کے وقت کی روشنی کے اثرات کے بارے میں زیادہ حساس ہو سکتے ہیں۔

محققین نے مشورہ دیا کہ لوگ اپنے گھروں میں روشنی کے استعمال کو محدود کریں اور زیادہ روشنی والے علاقوں میں رہنے والے افراد سیاہ پردے یا آنکھوں پر ماسک کا استعمال کریں تاکہ روشنی کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی بہتر تشخیص اور اسکے علاج کےلیے اپنے معالج سے رابطہ کریں۔

صحت سے مزید