کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ معاہدے پر عمل نہ ہوا تو اسلام آباد آنے سے کوئی نہیں روک سکےگا، پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کے تمام اداروں پر قبضہ کرلیا ہے اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے، حکمران و اپوزیشن جماعتیں ذاتی جائیدادیں اور بنک بیلنس بنارہی ہیں،ملک کی سیاسی پارٹیوں کا مسئلہ پانی، بجلی،گیس اور پیٹرول ہے ہی نہیں، مسائل کے حل کے لیے ان گرتی ہوئی دیواروں کو ایک اوردھکا دینے کی ضرورت ہے۔ملک میں اس وقت جاگیرداروں، سرمایہ داروں،ڈکٹیٹروں کے آلہ کار اور عدلیہ پر مشتمل حکمران ٹولہ ہم پر مسلط ہے۔ان تمام طبقات سے وابستہ لوگوں کی بڑی بڑی جائیدادیں ہیں جن پر ٹیکسز نہیں لگائے جاتے۔ملک میں مسلط حکمرانوں نے آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے کر کے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔جماعت اسلامی اس وقت پاکستان کی غریب عوام کی سب سے بڑی توانا آواز ہے۔پاکستان کی یوتھ جماعت اسلامی کا حصہ ہے۔