اسلام آباد (جنگ نیوز/ایجنسیاں)وفاقی دارالحکومت میں جلسے جلوسوں سے متعلق نئے قانون کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاریاں شروع ‘شیرافضل مروت ‘بیرسٹر گوہر اورشعیب شاہین کو حراست میں لے لیا گیا ‘ شعیب شاہین کو ان کے آفس جبکہ بیرسٹر گوہر اورشیرافضل مروت کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتارکیاگیا‘ذرائع کا بتانا ہے کہ بیرسٹر گوہر‘ عمرایوب‘ زرتاج گل‘عامر مغل، شعیب شاہین، شیر افضل مروت‘ سیمابیہ طاہر اور راجہ بشارت سمیت 28 مقامی رہنما بھی مقدمات میں نامزد ہیںتاہم علی محمد خان پارلیمنٹ ہاؤس سےروانہ ہوگئے ہیں اور پولیس کی جانب سے انہیں گرفتارنہیں کیا گیا ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستے بند کردیے گئے ہیں ۔ ڈی چوک، نادرا چوک، سرینا اور میریٹ کے مقام سے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کردیا ہے۔پنجاب کی قیادت کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع ہونے کا امکان ہے ۔اسلام آباد پولیس کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے 9 رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی فہرست تیار ہوچکی ہے جن میں سے بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین اور شیر افضل مروت گرفتار ہو چکے ہیں جبکہ زین قریشی، زرتاج گل، شیخ وقاص، سمابیہ طاہر اور عمر ایوب کو بھی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اس فہرست میں عامر مغل کا نام بھی شامل ہے۔اپنی گرفتاری سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہناتھاکہ اگر لیڈر جیل میں ہے تو ہمیں جیل جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اگر یہ برے کام سے نہیں رکتے تو ہم اچھے کاموں سے نہیں رکیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات 3 تھانوں میں درج کیے گئے ہیں‘ مقدمات اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر 2024کے تحت درج کیے گئے‘ مقدمات میں کار سرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ اور دفعہ 144کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات تھانا نون اور تھانا سنگجانی میں درج کیے گئے ہیں۔پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کےلیے پولیس اب بھی پارلیمنٹ ہاؤس کےباہر موجود ہے۔ شیخ وقاص اکرم، صاحبزادہ حامد رضا، زین قریشی اور شاہد خٹک بھی پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود ہیں۔پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درج مقدمے کے متن کے مطابق پولیس نے روٹ کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کارکنوں کو روکا جس پر کارکنوں کی جانب سے پتھروں اور ڈنڈوں سے پولیس پرحملہ کیا۔مقدمہ کے مطابق پولیس نے شیلنگ کی اور موقع سے 17کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس تقی جواد کا کہناتھاکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو سنگجانی جلسےکی شرائط کی خلاف ورزی پرگرفتار کیا گیا‘ تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد گرفتاریوں کاعمل شروع کیا گیا ہے‘ واضح رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دیتے ہوئے شام چار سے سات بجے تک کا وقت دیا تھا تاہم وقت کی پابندی کی خلاف ورزی پر انتظامیہ نے پولیس کو قانونی کارروائی کرنے اور جلسہ گاہ خالی کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔