ہڈرز فیلڈ (رپورٹ:فتح الحق) مجلس انصار جو جماعت احمدیہ کی بزرگوں پر مبنی تنظیم ہے کے تحت لندن سے سکاٹ لینڈ سائیکل سفر کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔اس سفر کو امن کیلئے سفر کا عنوان دیا گیا۔ اس سفر کی دیگر منازل میں بریڈ فرٹ اور ہڈرز فیلڈ بھی شامل ہیں۔ اس سفر کا بنیادی مقصد امن اور اشتی کو فروغ دینا اور معاشرتی تعاون کو بڑھانا اور امن کی امید کے نام سے جاری کیے گئے پروگرام کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا بھی تھا۔ اس پروگرام کا مقصد ان قومی اور بین الاقوامی رفاہی اداروں کی مدد کرنا ہے جو انکھوں کے متعلق مسائل کا شکار لوگوں کی تکالیف دور کرتی ہیں۔ اس سفر کے ذریعہ ایک خاطر خواہ رقم اکٹھی کی گئی جو اسی قسم کے رفاہی کاموں کیلئے استعمال کی جائے گی۔ موجودہ حالات میں اس قسم کی کوششیں بہت ضروری ہیں جن کے ذریعے قیام امن اور باہمی محبت اور اخوت کو فروغ دیا جا سکے۔ اس سفر میں مجلس انصار کے نیشنل صدر مرزا وقاص بھی لندن سے شامل ہوئے جو کہ دیگر شاملین کے لیے بہت حوصلہ افزا تھا۔ فتح الحق جو کہ میڈیا کوارڈینیٹر اور سیکرٹری امور خارجہ کا عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں کا کہنا تھا کہ شرکاء کو ہر مقام پر بھرپور خوش امدید کہا گیا۔ جماعت احمدیہ کے موٹو کے تحت ہم سب بھائی چارے اور امن کے قیام کے لیے کوشاں ہیں اور یہ کوشش جو سخت موسم میں 50 سے زائد سائیکل سواروں کی جانب سے کی گئی دراصل یہ بھی اسی موٹو کی عکاس ہے۔یوگ شاعر کی نمائندگی میں عزیزم صداقت اور ان کی ٹیم کی جانب سے سائیکل سواروں کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا اور سائیکل سواروں کی مسکراہٹیں تھکاوٹ کے باوجود اس بات کا عندیہ دے رہی تھیں کہ وہ سب اپنے سائیکل سفر کے اس مقصد سے بخوبی اگاہ ہیں۔ اس سفر کا اختتام ایک پرتکلف کھانے پر ہوا جس سے تمام سائیکل سوار بھرپور لطف اندوز ہوئے اور اس کھانے کی نمایاں بات یہی تھی کہ تمام شاملین اس حقیقت سے واقف بھی تھے اور خوش بھی کہ وہ ایک بامقصد کوشش کا حصہ بنے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ سفر دیگر تنظیموں اور مکاتب فکر کے لیے مشعل راہ ثابت ہوگا اور وہ بھی انسانی ہمدردی کی خاطر اور دنیا سے تکالیف کے خاتمے کے لیے اپنی اپنی طرز پر کوششوں میں لگ جائیں گے۔