اسلام آباد (جنگ نیوز/ایجنسیاں) وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے پی ٹی آئی جلسے میں صحافیوں کے خلاف قابل اعتراض الفاظ کے استعمال پر صحافیوں کاسینیٹ اور قومی اسمبلی میں شدید احتجاج ‘واک آؤٹ ‘تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے علی امین گنڈاپور کے صحافیوں کے حوالے سے نازیبا ریمارکس پر معذرت کر لی ۔ علاوہ ازیں ‘اے پی این ایس ‘کراچی ‘لاہور‘ نیشنل پریس کلب‘ کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یوجے ) ‘راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ‘ خیبریونین آف جرنلسٹس ‘عورت فاؤنڈیشن ‘ایمنڈ ‘ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے صحافی برادری بالخصوص خواتین صحافیوں کے خلاف نازیبا زبان کی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ علی امین گنڈاپور فوری طورپر معافی مانگیں ‘تحریک انصاف علی امین گنڈاپورکے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرے ۔ عورت فاؤنڈیشن نے گنڈاپورکے خلاف سائبر کرائمزایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنےکا مطالبہ کردیا۔کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یوجے ) اورکراچی پریس کلب نے مطالبہ کیاہے کہ علی امین گنڈاپور نے جو الفاظ استعمال کیے وہ اس عہدے کے شایان شان نہیں،فوری طور پر معافی مانگیں۔ صدر لاہور پریس کلب کا علی امین گنڈاپور سے معافی کا مطالبہ، کوریج کے بائیکاٹ کا عندیہ دیدیاجبکہ ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز ( ایمنڈ ) نے بھی دھمکی آمیز زبان اور الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے فوری معافی کا مطالبہ کردیا ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما امین الحق نے کہا کہ اگر آپ تمام صحافیوں کو ایک صف میں کھڑا کریں تومناسب نہیں ہے ایم کیو ایم ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کے موقع پر صحافیوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے نازیبا الفاظ کے استعمال پر دونوں ایوانوں کے اجلاس سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔--