لاہور (نمائندہ جنگ) بین الاقوامی فیشن ڈیزائنر اور ہلال امتیاز محمود بھٹی نے کہا ہے کہ میری زمین پر ناجائز قبضہ کیا گیا، میری جان کو خطرہ ہے اور مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، مجھے کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار وہی ہونگے جنہوں نے میرے خلاف کیس کئے ہیں۔سول عدالت میں محمود بھٹی کی درخواست پرجبکہ سیشن کورٹ میں ان کےخلاف ہتک عزت کیس کی سماعت 12ستمبر تک ملتوی کردی گئی،سول کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود بھٹی نے کہا کہ میری زمین پر ناجائز قبضہ کیا گیا اور میں تین سال سے عدالتوں کے چکر لگا رہا ہوں،اوورسیز پاکستانی ہوں ،پیرس سے لاکھوں کی ٹکٹ لے کر کیسوں کا سامنا کر رہاہوں،میں غریبوں کے لئے کام کررہا ہوں اور یہ ان سے ہضم نہیں ہورہا۔قبل ازیں سول جج محمد وسیم نےاراضی کے غیر قانونی انتقال اور قبضے کیخلاف محمود بھٹی کی درخواست پر سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے محمد وسیم نے منیر بھٹی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ اپنا وکالت نامہ دکھائیں۔ ساجد محمود نے موقف اپنایا کہ میرے پاس وکالت نامہ نہیں ہے ،میں منیر بھٹی کی خصوصی درخواست پر یہاں پیش ہوا ہوں، اس موقع پر درخواست گزارمحمود بھٹی نے موقف اپنایا کہ ایک کنال اراضی پریتیم خانہ بنانا ہے ،یہ زمین مجھے اپنے لئے نہیں چاہیے ،ہم اوور سیز باہر سے آکر سرمایہ کاری کرتے ہیں لیکن انہی عدالتوں میں ذلیل ہوتے ہیں ، مجھے پاکستان نے ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز دیا ہے ۔منیر بھٹی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ کتنی تاریخیں ایسی ہیں جہاں یہ صرف شکل دکھانے آتے ہیں ۔