کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے کارساز حادثہ کیس میں ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ جبکہ سیشن عدالت شرقی میں کار ساز حادثہ کیس میں ملزمہ کے وکیل نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی کی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر سرکاری وکیل سمیت فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ ایڈیشنل سیشن عدالت نے ملزمہ کی درخواست ضمانت کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔ملزمہ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے درخواست ضمانت میں اہم شواہد کو نظر انداز کیا ہے،ملزمہ کو متوفین کے لواحقین معاف کرچکے ہیں۔ استدعا ہے کہ ملزمہ کی ضمانت منظور کی جائے۔ملزمہ کی امتناع منشیات کیس میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمہ کی درخواست ضمانت مسترد کرد ی۔ملزمہ کیخلاف پولیس کی جانب سے امتناع منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق عدالت کا کہنا تھا کہ و کیل صفائی سیکشن گیارہ کے حوالے سے عدالت کو مطمئن نہ کرسکے، وکیل صفائی کا خون اور یورین کے نمونے غیر محفوظ رہنے کا دعویٰ غلط ہے، درخواست گزار کے دعوے کے مطابق پولیس فائل میں ایسا کچھ نہیں ہے، نو ابجکشن فائل کیا گیا جبکہ اس مقدمہ کی سرکار مدعی ہے، اس لیے اس کی قانونی حیثیت نہیں ہے، اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون کانشے میں گاڑی چلانا حیرت انگیز ہے۔