اسلام آباد( پی پی آئی)محکمہ موسمیات نے جدید سرویلنس ریڈار خریدنے کا فیصلہ کر لیا، 5فکسڈ سرویلنس ریڈار ملک کے مختلف حصوں میں لگائے جائینگے۔محکمہ موسمیات 3پورٹیبل سرویلنس ریڈاربھی خریدے گا جبکہ300آٹومیٹک ویدر اسٹیشنز کی تنصیب ملک کے مختلف شہروں میں کی جائیگی۔ ڈائریکٹرجنرل محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد خان کے مطابق خیبرپختونخوا کے شہروں چراٹ، ڈیرہ اسماعیل خان میں 2، بلوچستان کے شہروں کوئٹہ ، گوادر میں 2 جبکہ پنجاب کے شہر لاہور میں ایک ریڈار نصب ہوگا۔مہر صاحبزاد خان نے بتایا کہ کراچی میں پہلے ہی سے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ریڈار اسٹیشن موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے جدید آلات ورلڈ بینک کے تعاون سے نصب کیے جائینگے۔