لندن( نیوز ڈیسک)پرنسز آف ویلز اور برطانوی ولی عہد شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے کہا ہے کہ ان کی کیموتھراپی مکمل ہوگئی ہے، گزشتہ 9 ماہ ناقابل یقین حد تک سخت گزرے۔ 42سالہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کا کہنا تھا کہ آپ جانتے ہیں زندگی لمحوں میں تبدیل ہوجاتی ہے اور پھر ہمیں اسی طوفانی لہروں اور انجانی سڑکوں سے گزرنا پڑتا ہے۔ گزشتہ روز جذبات سے بھرے ویڈیو پیغام میں جو گزشتہ ماہ ریکارڈ کیا گیا تھا، پرنسز آف ویلز نے کہا کہ کیموتھراپی پر مبنی علاج مکمل ہوگیا ہے۔ اس ویڈیو میں ان کے شوہر شہزادہ ولیم اور تینوں بچے بھی موجود تھے۔ویڈیو میں انھوں نے اس سال کے اوائل میں کینسر کی تشخیص اور علاج کے حوالے سے ذاتی تفصیلات شیئر کی ہیں۔ انھوں نے کہا اب جب کہ موسم گرما ختم ہونے کو ہے تو مجھے اپنے علاج کی تکمیل پر ایک گونہ اطمینان حاصل ہوا ہے، ایک خاندان کے طور پر پچھلے 9 ماہ بہت سخت گزرے۔ واضح رہے کہ اس سال جنوری میں پیٹ کی سرجری کے دوران ان میں کینسر کی تشخیص ہوئی جس کے بعد دوران علاج انھوں نے 22 مارچ کو ایک ویڈیو پیغام میں بیماری کا اعلان کیا تھا۔