کراچی (اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران کنڈا مافیا کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جو احتجاج کے نام پر سڑکیں بند کرکے شہر کا نظام درہم برہم کررہے ہیں، تاکہ غیرقانونی کنکشنز کو برقرار رکھا جاسکے اور بقایا جات کی ادائیگی سے بچا جاسکے‘ حالیہ واقعات میں گزری‘ پنجاب کالونی اور ملحقہ علاقوں میں بجلی چوروں کے منظم گروپوں نے کے الیکٹرک کے عملے کی جانب سے لوڈشیڈنگ فری فیڈرز سے غیرقانونی کنڈے ہٹانے کے دوران مزاحمت کی‘ پنجاب کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کے الیکٹرک عملے پر مسلح افراد نے حملہ کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا اور کنڈا ہٹانے کی کارروائی کو روکتے ہوئے پاور یوٹیلیٹی کے عملے کو اسلحے سے ہراساں کیا ‘ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریلوے کالونی سے ملحقہ علاقوں میں بھی اسی طرح کے مظاہرے ہوئے۔