اسلام آباد (فاروق اقدس) یورپی یونین میں پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ جن کی تقرری وزارت خارجہ میں سیکرٹری کی حیثیت سے ہوچکی ہے انہوں نے آج باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ یاد رہے آمنہ بلوچ وزارت خارجہ کی دوسری خاتون سینئر کیریئر ڈپلومیٹ ہیں جو موجودہ منصب پر فائز ہوئی ہیں ان سے قبل تہمینہ جنجوعہ پہلی خاتون سیکرٹری خارجہ کی حیثیت سے فرائض انجام دی چکی ہیں۔ دوسری طرف سبکدوش ہونے والے سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے وزارت خارجہ میں منگل کی رات الوداعی استقبالیہ میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں ان تمام سفیروں اور باسز کو یاد کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا جن کے ساتھ انہوں نے کام کیا۔